💠 " مدعو "... خود ... " داعی"... کے دروازے پر !!
غیر مسلم بھائیوں کو اپنے مدارس اور مساجد میں آنے کی دعوت دیجئے تاکہ ان کے سامنے حقائق واضح ہوسکیں !!
📝 داعی سراج احمد ندوی ممبئی ۔
خبر یہ ہے کہ دارالعلوم دیوبند میں عیسائی پادریوں کا ایک گروپ آیا تھا اور اس نے دارالعلوم دیوبند کے ذمہ داران سے ملاقات کی، اور دارالعلوم کو قریب سے دیکھنے اور سمجھنے کی کوشش کی، ساتھ ہی مسجد جاکر مسلمانوں کے ساتھ ظہر کی نماز بھی ادا کی ۔
یہ واقعہ ہم سب کے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے، اس واقعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ ہمارے برادران وطن بلکہ ساری دنیا کے غیر مسلم بھائیوں کے اندر اسلام کے تئیں ایک شوق ہے، ایک طلب ہے، وہ اسلام اور اہل اسلام کو قریب سے دیکھنا چاہتے ہیں، وہ جاننا چاہتے ہیں کہ یہ مدارس و مساجد کیا ہیں؟ وہاں کیا ہوتا ہے؟ اور وہاں کیا تعلیم دی جاتی ہے؟ اذان کیا ہے؟ نماز کیا ہے؟ قرآن اور اس کی تعلیمات کیا ہیں ؟
یہ بڑی خوش آئند بات ہے گویا مدعو خود داعی کے دروازے پر دستک دے رہا ہے اور زبان حال سے کہ رہا ہے کہ مسلمانو! لاؤ پیش کرو! کیا ہے تمہارے پاس ؟ تم ہمیں کس بات کی دعوت دینا چاہتے ہو؟
اس لئے اب ہمیں چاہیے کہ اس سنہرے موقع سے فائدہ اٹھائیں، اور اپنے اپنے علاقوں میں برادران وطن سے رابطہ کریں، انہیں مدعو کر اپنی مساجد اور مدارس کا وزٹ کرائیں، ان کے سامنے مساجد، مدارس، قرآن، اذان اور اسلام کا تعارف پیش کریں!
میں آپ تمام مسلمان بھائیوں سے گزارش کرتا ہوں کہ آپ اپنے اپنے علاقوں میں یہ پہل کریں ان شا اللہ یہ پہل آپ کے لئے صدقہ جاریہ ہوگی ۔
اپنی مساجد کے ائمہ کرام اور ٹرسٹیان سے بات کریں ممکن ہو تو ہر ہفتہ سنڈے کو صبح 10 سے 12 بجے یا کم از کم مہینے میں ایک بار اپنی مسجد یا مدرسہ میں غیر مسلموں کے لئے ایک چھوٹا سا دعوتی پروگرام رکھیں اور اس میں ان کو مدعو کر امام صاحب سے ان کے سامنے اسلام کا تعارف پیش کرنے کی درخواست کریں، اور اگر یہ بھی ممکن نہ ہو تو انفرادی طور پر ایک دو غیر مسلم بھائیوں کو لاکر آپ خود مدارس و مساجد کا وزٹ کرائیں تاکہ وہ حضرات حقیقت حال سے واقف ہوں اور جو غلط فہمیاں ان کے ذہنوں میں ہیں وہ دور ہوں اور اسی بہانے دعوت بھی پہنچ جائے۔
اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تبارک و تعالیٰ ہم سب کو توفیق سے نوازے! آمین ثم آمین یا رب العالمین۔
منقول
No comments:
Post a Comment